چوہدری سرور کی پی ٹی آئی میں واپسی کی خواہش پر مونس الٰہی کا ردعمل سابق گورنر پنجاب کو مسلم لیگ ن میں فٹ قرار دیتے ہوئے محسن نقوی سے مدد لینے کا مشورہ دے دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 نومبر 2023ء ) سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی پاکستان تحریک انصاف میں واپسی کی خواہش پر مونس الٰہی کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر کی جانب سے پی ٹی آئی میں واپسی کی کوششوں پر رہنماء تحریک انصاف چوہدری مونس الٰہی نے چوہدری سرور کو ایک مشورہ بھی دے دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے خیال میں چوہدری سرور کو اپنے قریبی دوست محسن نقوی سے مسلم لیگ ن میں واپس جانے میں مدد کے لیے کہنا چاہیئے کیوں کہ محسن نقوی نے نواز شریف کو دھوکہ دینے کے لیے شہباز شریف کے ساتھ مل کر سازش کی اس لیے یہ سب ن لیگ میں ہی فٹ ہوں گے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری مونس الٰہی کا یہ ردعمل جیو نیوز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی جانب سے دوبارہ پی ٹی آئی میں شمولیت کی کوششیں شروع کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اس حوالے سے دو قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور ان دنوں اسکاٹ لینڈ میں مقیم ہیں جہاں سے انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطوں میں پارٹی میں واپسی کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے، چوہدری سرور کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کرکے دوبارہ شمولیت کی خواہش ظاہر کی تاہم پارٹی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوہدری سرور کی دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی کوششوں کی وجوہات میں ان کے خاندان کے افراد کی جانب سے فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی خواہش ہے، اس کے علاوہ اسکاٹش لیبر لیڈر اور سابق گورنر پنجاب کے صاحبزادے چوہدری انس سرور کا بھی گلاسگو میں الیکشن ہونے والا ہے اور مقامی حلقے میں پاکستانی ووٹرز کی تعداد کافی زیادہ ہے جن کا جھکاؤ تحریک انصاف کی جانب ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چوہدری سرور سے پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کی کوششوں کے بارے میں جاننے کے لیے رابطہ کرنے پر انہوں نے اس کی ترید نہیں کی اور کہا کہ اس وقت تمام آپشنز دستیاب ہیں، مختلف سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جلد ہی حتمی فیصلہ کروں گا۔
Comments
Post a Comment