پہلا ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنالئے، نجم الحسن شنٹو کی شاندار سنچری
سلہٹ (اُردو نیوز پاکستان تازہ ترین خبریں - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنالئے، کپتان نجم الحسن شنٹو 104 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل کیوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 317 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ جمعرات کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کیوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں گزشتہ روز کے سکور 266 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جیمیسن 7 اور ٹم سائوتھی ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی سکور کو 316 پر پہنچا دیا، اس موقع پر جیمیسن 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو اسی اوور میں کیوی ٹیم کی آخری وکٹ بھی 317رنز پر گر گئی جب کپتان ٹم سائوتھی 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دونوں بیٹرز کو مومن الحق نے آئوٹ کیا۔
اس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے سات رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کے اوپننگ بلے باز 26 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ مہدی حسن 8 اور ذاکر حسن 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان نجم الحسن شنٹو نے مومن الحق کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا دیا اور دونوں بیٹرز نے 90 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے مجموعی سکور کو 116 پر پہنچا دیا ، اس موقع پر مومن الحق 40 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو کپتان نجم الحسن شنٹو نے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور اپنی شاندار سنچری مکمل کی، اس طرح تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنا لئے، شنٹو 104 اور مشفیق الرحیم 43 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کیوی سپنر اعجاز پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا جبکہ بنگلہ دیش کے دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش ٹیم پہلی اننگز میں 310 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی
Comments
Post a Comment